• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نئے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن اتوارسےقائد اعظم ٹرافی اور حنیف محمد ٹرافی کے ساتھ شروع ہو گا۔اس ڈومیسٹک ڈھانچے میں کل 18 ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی جس میں آٹھ ٹیمیں پریمیئر فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی اور 10 ٹیمیں حنیف محمد ٹرافی میں شامل ہیں جو نان فرسٹ کلاس چار روزہ ٹورنامنٹ ہے۔ پی سی بی کی جانب سے پی سی بی 2014 کے آئین کو بحال کرنے کے بعد یہ پہلا ڈومیسٹک سیزن ہوگا جس کے مطابق ریجنل اور ڈیپارٹمنٹس ٹیمیں ڈومیسٹک سرکٹ میں واپس آئی ہیں۔ ایبٹ آباد، لاہور اور راولپنڈی قائد اعظم ٹرافی کی میزبانی کریں گے، تینوں شہروں کے چار مقامات میں 29 میچز ہوں گے۔ پشاور، کراچی وائٹس، لاہور بلیوز، راولپنڈی، فاٹا، ملتان، لاہور وائٹس، اور فیصل آباد فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے والی ٹیمیں ہیں۔قائد اعظم ٹرافی کا افتتاحی مرحلہ 10 ستمبر کو شروع ہوگا۔ دوسرے مرحلے کے میچز 16 ستمبر سے شروع ہوں گے۔ 22 سے 26 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول فائنل میں سرفہرست دونوں ٹیموں کے آمنے سامنے ہونے سے قبل کل سات راؤنڈز ہوں گے جس میں ہر ٹیم ایک دوسرے سے کھیلے گی۔ قائد اعظم ٹرافی میں حصہ لینے والے کھلاڑی کو 80ہزار روپے میچ فیس ملے گی اور حنیف محمد ٹرافی میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو فی میچ فیس چالیس ہزار روپے ملیں گے۔ فرسٹ کلاس ٹیم کے نہ کھیلنے والے ممبران کو 40ہزارروپے ملیں گے۔ حنیف محمد ٹرافی میں 26 میچز ہوں گے جن میں 10 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

اسپورٹس سے مزید