کراچی (ٹی وی رپورٹ) ایشیا کرکٹ کپ کے حوالے سے خصوصی پروگرام ”بیٹل گراؤنڈ“ میں میزبان دانش انیس سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وکٹ کیپر معین خان نے کہا ہے کہ انڈین کرکٹ بورڈ میں بھارتی حکومت کی براہ راست مداخلت ہے جو آئی سی سی آئین کے خلاف ہے،سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ انڈیا ہر طرح پاکستان کرکٹ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے، ایشیا کپ کے میچز سری لنکا میں کرواکے انڈیا نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے، سابق وکٹ کیپر معین خان نے کہا کہ ایشیا کپ میں تمام ٹیموں کے ساتھ یکساں سلو ک ہونا چاہئے، پاک بھارت میچ کیلئے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے تو باقی ٹیموں کے میچوں میں بھی ایسا ہی ہونا چاہئے،اس وقت ایشیا میں کرکٹ کے فیصلے نان کرکٹرز کررہے ہیں، انڈین کرکٹ بورڈ میں بھارتی حکومت کی براہ راست مداخلت ہے جو آئی سی سی آئین کے خلاف ہے، بارش کی وجہ سے ایشیا کپ کا مزہ مزید کرکرا ہونے والا ہے، پاک انڈیا میچ بہت تناؤ والے ہوتے ہیں اس لیے شاید انڈین کھلاڑی بھی پاکستان نہیں آنا چاہتے ۔