کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم ون ڈے کرکٹ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں تاریخی شکست سے دوچار ہوئی، لیکن ہیڈکوچ نے اسے تحفہ قرار دیا ہے جبکہ بھاری معاوضے پر کام کرنے والے ٹیم ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر پالے کیلے میں میچ کے بعد ڈاربی شائر کاونٹی کی کوچنگ کیلئے انگلینڈ چلے گئے ہیں جہاں سے وہ فون پر پاکستان ٹیم انتظامیہ کو ہدایات دینے میں مصروف ہیں۔ مکی آرتھر افغانستان کے خلاف دو میچوں اور ایشیا کپ کے دو میچوں کے لئے سری لنکا ٹیم کو دستیاب تھے۔ دریں اثنا پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کہا ہے کہ ہم تین ماہ سے کوئی میچ ہارے نہیں تھے، بھارت کی شکست ہمارے لئے تحفہ تھی۔ یہ اگلے ماہ ورلڈ کپ سے پہلے اپنی کارکردگی پر متحد ہوکر توجہ دینے کیلئے ایک ’ویک اپ کال‘ ہے۔ ہمیں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے اکثر کے ساتھ کھیلنے کو نہیں ملتا ہے۔ شکست کے دفاع کیلئے بہانے نہیں بنائیں گے، جو مواقع ہم نے کھوئے اس پر نظر ثانی کریں گے لیکن ذاتی طور پر میرا خیال ہے کہ جو کچھ پچھلے دو دن میں ہمارے ساتھ ہوا وہ ایک تحفہ ہے۔ ہم اس تحفے کیلئے شکرگزار ہیں کیونکہ ورلڈکپ سے قبل اس اسٹیج پر بھارت کے ساتھ کھیلنا ہمارے لیے اچھا موقع ہے۔ ایشیا کپ کی کنڈیشنز ورلڈکپ کی کنڈیشنز سے ملتی جلتی ہوں گی، اسی لیے یہ ہمارے لیے سیکھنے کا اچھا موقع ہے۔ بھارت سے شکست یاد دہانی اور سبق ہے کہ ہم جب بھی گراؤنڈ میں ہوں تب خود کو مکمل اور بھرپور تیار رکھیں۔ خیال رہے کہ بھارت کی منگل کو سپر فور مرحلے میں سری لنکا پر فتح کے بعد اب پاکستان سری لنکا کو ہرا کر فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔اسے بڑے مارجن سےفتح حاصل کرکے رن ریٹ بہتر کرنا ہوگا۔ خیال رہے کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ اور حارث رئوف کے فٹنس مسائل کے بعد ٹیم انتظامیہ نے ان کے بیک اَپ کے طور پر شاہنواز دھانی اور زمان خان کو طلب کیاہے۔ ٹیم انتظامیہ، اے سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے صرف اس صورت میں متبادل کھلاڑی کو شامل کرنے کی درخواست کرے گی جب نسیم شاہ یا حارث رؤف آئندہ7روز کیلئے ٹیم سے باہر ہوجاتے ہیں۔ بریڈ برن نے کہا کہ بابر اعظم نے نیپال کے خلاف151رنز کی بہترین اننگز کھیلی تھی تاہم بیٹرز کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانا ہوگی۔