کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی میں لڑائی جھگڑے اور اختلافات کے سبب اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان سے میزبانی واپس لے لی ہے۔ایف آئی ایچ نے حکومت پاکستان اور اسپورٹس بورڈ کی جانب سے عدم تعاون، ہاکی فیڈریشن کے معاملات میں مداخلت کو بنیادی وجہ قرار دیا ہے۔ ایف آئی ایچ کے مطابق انٹرنیشنل ایونٹ کے انعقاد کیلئے حکومت کے تعاون کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ حکومت پاکستان ، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ فراہم نہیں کررہے ۔ یاد رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 1990عالمی کپ اور 1994 چیمپئنز ٹرافی کے بعد 2024اولمپک کوالیفائر ایونٹ کی میزبانی حاصل کی تھی ۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کو اولمپک کوالیفائر ایونٹ کی میزبانی ملنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ سابق صدر ایف آئی ایچ نریندر بترا نے پاکستان میں ہاکی انفرااسٹرکچر پر سوالات اٹھائے تھے۔