پشاور ( وقائع نگار )پشاور میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے چائے کی پتی بنانے والی فیکٹری سے ہزاروں کلوگرام چائے کی پتی برآمد کی اور کارخانہ سربمہر کیا اس سلسلے میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ترجمان نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نگران صوبائی وزیر خوراک کی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے خصوصی مہم کا آغاز کیا خصوصی مہم کے تحت فوڈ سیفٹی ٹیم ٹاؤن ۔4 پشاور نے خفیہ اطلاع ملنے پر فوڈ سیفٹی ٹیم کا پشاور بشیراباد کےعلاقے میں چائے کے پتی بنانے والی فیکٹری پر اچانک چھاپہ مارا اور کارخانے سے 3 ہزار کلوگرام سے زائد غیر معیاری اور مضر صحت چائے کی پتی برآمد کرکے سرکاری تحویل میں لیا ، فوڈ اتھارٹی حکام نے کارخانہ کو سربمہر کرکے مشینری بھی ضبط کر لی اور کارخانہ مالک کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کیا، مزید تفصیلات جاری کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ چائے کی پتی میں چنے کا چھلکا، نان فوڈ گریڈ کلر، استعمال شدہ چائے اور دیگر مختلف کیمیکلز کی ملاوٹ کی جا رہی تھی، جسے تیاری کے بعد پنجاب سپلائی کرنا تھا۔