• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ، پاکستان کیلئے فتح واحد آپشن، آج سری لنکا اور بارش سے مقابلہ، کامیاب ٹیم فائنل کھیلے گی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ میں فٹنس مسائل سے دوچار پاکستانی کرکٹ ٹیم کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔

 فتح ہی واحد آپشن ہے۔ٹیم سپر فور مرحلے میں آخری میچ میزبان سری لنکا کے خلاف جمعرات کو پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلے گی ۔ فاتح ٹیم کو فائنل کا ٹکٹ مل جائے گا۔ 

بھارتی ٹیم مسلسل دو میچ جیت کر پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ پاکستان کو فائنل کھیلنے کیلئے ہرصورت میں یہ میچ جیتنا ہوگا، اگر میچ بارش سے متاثر ہوتا ہے تو نیٹ رن ریٹ پر سری لنکا فائنل میں جگہ بنالے گا۔ 

میچ میں بارش کے 86 فیصد امکانات ہیں۔ ان فٹ ہونے والے نسیم شاہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں ۔ ان کی جگہ زمان خان نے کولمبو پہنچ کر ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔ 

نسیم شاہ کا بھارت کے خلاف میچ میں دایاں کندھا انجری کا شکار ہوا تھا۔ نسیم شاہ کو میڈیکل پینل نے ورلڈ کپ سے قبل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ سلمان علی آغا کے چہرے پر گیند لگی تھی۔ ان کی جگہ سعود شکیل کو کھلایا جائے گا۔ 

سلمان آغا کے چہرے اور آنکھ پر سوجن ہے۔ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں روایتی حریف کے 357 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 128 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ 

ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو دونوں ٹیمیں 155 ون ڈے میچز میں مدمقابل آئی ہیں پاکستان نے92 اور سری لنکا نے58 میچ جیتے ہیں۔ 

ایشیا کپ کے 17 باہمی مقابلوں میں سے 12 میں سری لنکا جبکہ5میں پاکستان کامیاب رہا۔

اسپورٹس سے مزید