کراچی ( سہیل افضل ) پاکستان میں مال بردار جہازوں کی تیز رفتار کلیئرنس اور ملک میں کاروبار کی لاگت اور دورانیہ میں بچت کا جدید خودکار ڈیجیٹل نظام رواں ماہ متعارف کرایا جا رہا ہے ، نئے سسٹم سےلاجسٹک کے شعبہ سے منسلک کاروبار مثلاً ٹرانسپورٹ، وئیرہاؤس کیپر، فرئٹ فاروڈرزکو فروغ حا صل ہوگا ۔ پورٹ کمیونٹی سسٹم ستمبر میں کام شروع کر دے گا ،اس سسٹم کے تحت ملک کے تمام بحری اڈے اور ان میں قائم مختلف ٹرمینل مستقبل قریب میں ایک خودکار ڈیجیٹل نظام کے تحت کام کرنا شروع کر دیں گے۔ اس نظام کے نفاذ سے کراچی پورٹ، بن قاسم پورٹ اور گوادر پورٹ پرمال بردار جہازوں کی کلیئرینس اور دیگر مراحل کی رفتار واضح طور پر بہتر ہو جائی گی اور سرحدپار تاجروں کو غیر معمولی سہولت حاصل ہوگی خصوصاً ملک میں کاروبار کی لاگت اور دورانیہ میں خاصی بچت ممکن ہے۔پی سی ایس کے چیف ڈومین آفیسر نوید عباس میمن نے اس سلسلے میں بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پی سی ایس ایک جامع پلٹ فارم ہے جو درآمدات اور برآمدات سے متعلق تمام اداروں اور سرحد پار تاجروں کو بھی آپس میں منسلک کرتا ہے۔ یہ نیا نظام قومی ادارہ پاکستان سنگل ونڈو کا حصہ ہوگااور اس کے تیاری اورنگرانی بھی یہ ہی ادارہ کریگا۔ یہ نظام پورٹ کے تمام اداورں کو قیمتی معلو مات فراہم کرتا ہے جس سےپورٹ کی کاراؤئیاں مثلاً مال بردار جہازوں کا رش اور روانگی و آمد کی مشکلات کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ پی سی ایس کا ایک اہم کردار یہ ہے کہ وہ درآمدات اور برآمدات کے دوران تمام مراحل کا ایک جمع تصویر تاجروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے سے سرحدپار تجارت کے دوران پیش ہونے والے تمام روکاوٹوں کی نشاندہی بخوبی کی جا سکتی ہے اور پھر سرکاری اور نجی ادارے ، شپنگ ایجنٹ اور تاجران ان مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔