• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: میں نے ایک مفتی صاحب کو فرماتے ہوئے سنا کہ رسول اللہ ﷺکو زہر دیا گیا تھا ،جس کے اثرات سالانہ بیماری کی صورت میں ظاہر ہوتے تھے، اور اسی بیماری میں آپﷺ رحلت فرما گئے ، کیا یہ درست ہے؟

جواب: واضح رہے کہ فتح خیبر کے موقع پر زینب بنت حارث نامی ایک یہودیہ خاتون آپ ﷺ کی خدمت میں ایک بھنی ہوئی بکری لے کر آئی، جس کی دستی میں جان لیوا زہر لگایا ہوا تھا، آپ علیہ السلام نے دستی تناول فرمائی جس کے سبب آپ ﷺپر اس زہر کا اثر ہوا، تاہم اللہ رب العزت نے آپ ﷺ کی جان کی حفاظت فرمائی۔

دستی کے گوشت میں زہر اس لیے ملایا کہ اس نے سن رکھا تھا کہ رسول اللہ ﷺ گوشت میں سے دستی کا گوشت پسند فرماتے ہیں، نیز روایات میں ہے کہ ایک لقمہ لیتے ہی آپ ﷺ کو زہر کا علم ہوگیا، اور بعض روایات میں ہے کہ گوشت نے خود بتادیا کہ مجھ میں زہر ہے، اور اس زہر سے ایک صحابی ؓ کی شہادت بھی ہوئی، اور ہر سال اسی دن آپ ﷺ پر اس زہر کے اثرات بیماری کی صورت میں ظاہر ہوتے تھے، پھر رسول اللہ ﷺ نے اپنے مرضِ وفات میں فرمایا کہ ابھی میں اس زہر کی تکلیف محسوس کر رہا ہوں، اس وجہ سے بعض علماء نے فرمایا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے شہادت کا درجہ بھی عطا فرمایا۔ (فتح المنعم شرح صحيح مسلم، کتاب الطب و المرض، باب السم، ج:8، ص:562-563، ط: دار الشروق)