• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مس یونیورس، پاکستانی خواتین کی شرکت، وزیراعظم کی یو اے ای سے رابطے کی ہدایت

اسلام آباد(فخر درانی)نگراں وزیراعظم انور الحق کاکڑ نے دفتر خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کی حکومت سے رابطہ کریں اور اس معاملے کو حکام کے سامنے اٹھائیں کہ کس طرح ایک کمپنی حکومت کی منظوری کے بغیر مس یونیورس مقابلہ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مقابلہ حسن منعقد کرسکتی ہے۔ اس سے قبل نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کو ہدایت کی تھی کہ وہ اس بات کی تحقیقات کرے کہ پاکستانی ماڈلز کے مقابلہ حسن کا انتظام کون کر رہا ہے اور مس یونیورس مقابلہ حسن میں حصہ لینے کے لیے پاکستان کا نام استعمال کر رہا ہے۔ انٹیلی جنس بیورو نے پاکستانی ماڈلز کا مقابلہ حسن منعقد کرنے والی کمپنی کے حوالے سے اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی ہے۔ آئی بی کی رپورٹ کے مطابق 2023 کے مقابلے کیلئے پاکستان کی نمائندگی کرنے کے حقوق/ لائسنس دبئی میں قائم ایک کاروباری گروپ یوجین پبلشنگ اینڈ مارکیٹنگ نے حاصل کیے ہیں۔ بزنس گروپ نے ایک ویب سائٹ (houseofyugen.com) بنائی ہے جس میں چار مارچ کے بعد سے پاکستانی خواتین (24-28 سال کی عمر، ازدواجی حیثیت سے قطع نظر) سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ دبئی میں قائم یوجین گروپ کے پاس مس یونیورس بحرین اور مس یونیورس مصر کے فرنچائز حقوق بھی ہیں۔ آئی بی کی رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ ان پاکستانی نژاد خواتین کا انتخاب دنیا بھر سے 200 درخواست دہندگان کے پول میں سے ایک سروے کے ذریعے کیا گیا ہے۔ انہوں نے مالدیپ میں ایک فوٹو شوٹ میں بھی حصہ لیا۔ پانچ شرکاء میں سے ایک کو جمعرات (14 ستمبر) کو متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق شام 7 بجے تاج پوشی کی تقریب میں فاتح کے طور پر تاج پہنایا جائے گا جو مس یونیورس کے یوٹیوب چینل پر نشر کیا جائے گا۔ دبئی میں یوجین گروپ اس ایونٹ کو اسپانسر کر رہا ہے اور جوش یوگن مس یونیورس پاکستان کے نیشنل ڈائریکٹر ہیں۔ یوجین گروپ نے بھی ووٹنگ ایپ "چوائسلی" کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ مقابلہ کے شائقین کو اپنے پسندیدہ امیدواروں کو ووٹ دینے کا موقع مل سکے۔

اہم خبریں سے مزید