پشاور (وقائع نگار) نادرا کے برطرف ملازمین کا اپنی بحالی کیلئے بھوک ہڑتالی کیمپ چھٹے روز میں داخل ہوگیا تاہم انتظامیہ نے چپ سادھ لی ہے اور نادرا کے برطرف ملازمین کے مسائل جوں کے توں ہیں ۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سماجی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ کیا اتوار کے روز جماعت اسلامی ضلع پشاور کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری کی قیادت میں وفد نے کیمپ کا دورہ کیا اور بھوک ہڑتالی کیمپ کے شرکاء سے یکجہتی کا اظہار کیا اور برطرف ملازمین کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا اس موقع پر ملازمین کے صدر سلیم شیرپاؤ نے کیمپ کے شرکاء اور کیمپ کا دورہ کرنیوالے مختلف سماجی وسیاسی رہنماؤں سے خطاب کیا۔