• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائد اعظم ٹرافی، سرفراز اور اسد شفیق کی سنچریاں، کراچی کے 434 رنز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایسے وقت میں جبکہ سلیکٹرز ورلڈ کپ کیلئےٹیم کی تشکیل پر غور اور ٹیم میں محمد رضوان کے ساتھ دوسرے وکٹ کیپر کے انتخاب پر بحث ہورہی ہے۔ سابق کپتان سرفراز احمد نے قائد اعظم ٹرافی میں سنچری اسکور کردی۔ وہ پہلے راؤنڈ میں دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بناچکے ہیں۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تیسرے دن کراچی ریجن وائٹس نے کپتان سرفراز احمد اور اسد شفیق کی ناقابل شکست سنچریوں کی بدولت فیصل آباد کے خلاف پہلی اننگز 5 وکٹوں پر434 رنز بناکر ڈکلیئر کردی۔ سرفراز احمد نے 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے128 اور اسد شفیق نے 13 چوکوں کی مدد سے 108 رنز اسکور کیے۔ دونوں ناٹ آؤٹ رہے ۔سرفراز احمد اور اسد شفیق نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 234 رنز کا اضافہ کیا۔کھیل کے اختتام پر فیصل آباد نے اپنی پہلی اننگز میں چھ وکٹ گنواکر 63 رنز بنائے تھے ۔آفتاب ابراہیم نے 14رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم میں لاہور ریجن وائٹس نے تین وکٹوں پر407 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ جواب میں راولپنڈی نے ایک وکٹ کے نقصان پر232رنز بنائے تھے۔ عبدالفصیح 113 اور اشفاق احمد51 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے ۔ شعیب اختر اسٹیڈیم پنڈی میں تیسرے دن پشاور ریجن کی ٹیم پہلی اننگز میں 263 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کامران غلام نے117 رنز اسکور کیے۔ سراج الدین نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ایبٹ آباد میں لاہور بلوز کے خلاف فاٹا نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں پر 127 رنز بنائے تھے ۔ اس سے قبل لاہور بلوز کی ٹیم پہلی اننگز میں 314 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

اسپورٹس سے مزید