بالی ووڈ کی اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور سیاست دان راگھو چڈھا کی شادی کی باقاعدہ تقریبات کے آغاز سے قبل مذہبی رسومات کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے، جن کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر گردش کرنے والی تصاویر میں اداکارہ اور سیاسی رہنما کو گزشتہ روز ہونے والی تقریب میں مذہبی رسومات کے دوران آشرباد لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
مذکورہ تصاویر میں اداکارہ نے ہلکے گلابی رنگ کا غرارہ زیب تب کیا ہوا ہے، اس کے ساتھ میچنگ چاند بالی اور ستاروں کے کام والا دوپٹہ لیا ہوا ہے جبکہ راگھو چڈھا نے ہلکے سفید رنگ کا کرتہ پاجامہ اور کوٹ پہنا ہوا ہے۔
ایک اور تصویر میں ان دونوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کے دوران چٹائی پر بیٹھے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر اس دعائیہ کی مختصر سی تقریب میں ان دونوں کے ہمراہ ان کے عزیز و اقارب بھی موجود ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل انہیں اجین کے مہاکالیشور مندر اور امرتسر میں گولڈن ٹیمپل میں آشرباد لیتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔