اسلام آباد(نمائندگان جنگ /ایجنسیاں) سپریم کورٹ کے فیصلے پر قومی احتساب بیورو متحرک ‘ نیب کے مشاورتی اجلاس میں عدالتی حکم پر من وعن عمل کرنے اور دو تین روز میں میگا کرپشن کیسز کا تمام ریکارڈ احتساب عدالتوں کو بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا ‘
سابق صدرآصف زرداری ‘سابق وزرائے اعظم نواز شریف ‘شہباز شریف ‘شاہد خاقان ‘پرویز اشرف ‘ یوسف رضا گیلانی ‘سابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ ‘سینیٹر اسحق ڈار سابق وفاقی و صوبائی وزراء سمیت دیگر سیاست دان دوبارہ نیب کے شکنجے میں ‘میگا کرپشن کیسز کھل گئے ‘ نیب نے رجسٹرار احتساب عدالت اسلام آباد کو خط لکھ دیا‘نیب فہرست کے حساب سے آج ریکارڈ پیش کرے گا۔
ذرائع نے بتایاکہ نیب بند کئے گئے کیسزاورریفرنسز کا قانونی جائزہ لیکر ریکارڈ مرتب کررہی ہے ‘راولپنڈی ‘لاہور‘ملتان ‘سکھر ‘کراچی ‘پشاوراورکوئٹہ میں نیب کے علاقائی دفاتر میں ان کیسزکا ڈیٹااکٹھا کیاجارہا ہے جنہیں احتساب عدالتوں میں جمع کرایاجائے گا ۔ذرائع کے مطابق قانونی مشاورت مکمل ہونے پر نیب اپنی ذمہ داری پوری کرے گا ۔
ذرائع نے بتایا کہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا داخل دفتر کیا گیا کیس بھی کھولا جارہا ہے۔
ذرائع نیب کورٹ کے مطابق آصف علی زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیسز بھی بحال ہوگئے ہیں‘پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کیس کھل گیا، نواز شریف، آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کا کیس بھی کھل گیا ہے۔
نمائندہ جنگ کے مطابق نیب نےسپریم کورٹ کے احکامات پر میگا کیسزکے ریفرنسز کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے ‘توقع ہے کہ آئندہ دوروز کے دوران یہ مقدمات متعلقہ احتساب عدالتوں کو بھجوائے جائیں گے ۔
ذرائع کے مطابق نیب نے مقدمات کا ریکارڈآئندہ دو تین روز میں احتساب عدالت اسلام آباد میں جمع کرانے کا فیصلہ کیاہے ۔