اقوام متحدہ(عظیم ایم میاں)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پاکستان کے نجی میڈیا سے وابستہ صحافیوں کو اپنے دورہ اقوام متحدہ کی مصروفیات و ملاقات کی آزادانہ کوریج سے محروم رکھنے کی حکمت عملی کا نوٹس لیتے ہوئے صورتحال کو درست کرنے کا وعدہ کیاہے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم اور نگران وزیر خارجہ کی مصروفیات اور غیر ملکی قائدین سے ملاقاتوں کی جگہ وقت اور دیگر تفصیلات کو پاکستانی نجی میڈیا کے صحافیوں سے چھپانے کی حکمت اختیار کی گئی ہے ۔ نجی میڈیا کے پاکستانی صحافیوں کے ساتج اس امتیازی سلوک کے بارے میں اقوام متحدہ میں سالہا سال سے متعین نمائندہ جنگ/جیو عظیم ایم میاں نے اقوام متحدہ کی عمارت میں نگران وزیراعظم کو روک کر اس بارے میں شکایت کی تو انوارالحق کاکڑ نے تحمل کے ساتھ شکایت کو سننے کے بعد وعدہ کیا کہ وہ اس صورتحال کی اصلاح کریں گے۔ وزیراعظم کاکڑ نے نمائندہ جنگ/جیو کی سنیارٹی اور صحافتی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس صورتحال کو درست کریں گے انہوں نے اپنے اردگرد موجود اعلیٰ افسران کی ٹیم کی بھی اس شکایت کے بارے میں توجہ دلائی اور ازالہ کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ نگران وزیراعظم نے کہاکہ وہ جیو اور جنگ کے بیشتر صحافیوں سے واقف ہیں اور نمائندہ جنگ کی اقو ام متحدہ اور امریکہ کے حوالے سے صحافتی خدمات سے بھی واقف ہیں اور جنگ/جیو کے لئے خصوصی انٹرویو ضرور دیں گے۔ اس بارے میں انہوں نے وقت نکالنے اور انتظام کی ہدایت بھی کی نگران وزیراعظم اور نمائندہ جنگ/جیو کے درمیان یہ گفتگو اس وقت ہوئی جب وہ اقوام متحدہ کی عمارت میں ٹرسٹی شپ کونسل کے ہال میں ایک کانفرنس میں اپنی تقریر کے بعد اپنی ٹیم کے ہمراہ واپس جا رہے تھے۔