ہانگژو ، چین(اے ایف پی) شام کے صدر بشار الاسد نے تقریباً دو دہائیوں بعد اپنے دورہ چین کا آغاز کردیا ہے ، بیجنگ کا کہنا ہے کہ ان کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو بلندیوں کی نئی سطح تک لے جائے گا .
شامی صدر اپنے تباہ حال ملک کی تعمیر نو میں مدد کیلئے مالی معاونت کے خواہاں ہیں
شامی صدرجمعرات کے روز چین کے مشرقی شہر ہانگژو پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا ، جہاں وہ ہفتہ کو ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے.
چین کےسرکاری ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ وہ اور دیگر غیر ملکی رہنما ہانگژو میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے، شامی ایوان صدر کے مطابق بشار الاسد بیجنگ بھی جائیں گے جو 2004 کے بعد ان کا چین کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔
چین مشرق وسطیٰ سے باہر ان چند ممالک میں سے ہے جن کا بشار الاسد نے 2011 میں خانہ جنگی کے آغاز کے بعد دورہ کیا ہے، اس خانہ جنگی سے شام میں اب تک 5 لاکھ سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں جبکہ ملک کے انفرااسٹرکچر اور صنعت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔