اسلام آباد (نمائندہ جنگ)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے گزشتہ روز قائداعظم یونیورسٹی سنڈیکیٹ اجلاس میں بحیثیت رکن شرکت کی۔اس موقع پریونیورسٹی سنڈیکیٹ نے جامعہ میں طلبہ یونین کی بحالی کا فیصلہ کرلیا۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ یونین غیر جماعتی ، فرقہ واریت اور لسانیت سے پاک ہو ،جسٹس فائز عیسیٰ، اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد کی زیر صدارت ہوا،دوران اجلاس جسٹس فائز عیسیٰ نے قائد اعظم یونیورسٹی میں اسلحہ بردار پولیس، رینجرز اور سیکیورٹی کی موجودگی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین غیر جماعتی ہو، فرقہ واریت اور لسانی تقسیم سے پاک ہو، یونیورسٹی کو اسلحے اور منشیات سے پاک رکھیں۔چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے مزید کہا کہ کسی کو بھی یونیورسٹی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہ دیں، ایجنسیوں کو بھی یونیورسٹی معاملات سے دوررکھیں، چیف جسٹس نے بہارہ کہو بائی پاس منصوبے میں استعمال ہونے والی اراضی کے بدلے اتنی ہی زمین واپس جامعہ کو دلوانے کیلئے سی ڈی اے کو خط لکھنے کی ہدایت کی۔