• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابی اخراجات کیلئے سیاسی جماعت کو 10 لاکھ روپے سے زائد عطیہ دینے والوں کی تفصیلات دینا ہوں گی، الیکشن کمیشن، الیکشن رولز میں 18 ترامیم تجویز

اسلام آباد (جنگ نیوز، ایجنسیاں) الیکشن کمیشن نے نئے فارمز سمیت الیکشن رولز میں 18 ترامیم تجویز کر دیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن رولز میں ترامیم پر اعتراضات 7اکتوبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔الیکشن کمیشن نے تجویزکیا ہے کہ الیکشن اخراجات کیلئے سیاسی جماعت کو 10لاکھ روپے سے زائد عطیہ دینے والوں کی تفصیلات دینا ہونگی، امیدوار کو کاغذات جمع کرانے کیلئے ایک لاکھ نقد جمع کرانے ہونگے، جوناقابل واپسی ہو نگے، امیدوار کو ملک، بیرون ملک غیر منقولہ پراپرٹی، خریدے گئے اثاثوں کی تفصیلات بھی دینا ہونگی، آر او عبوری اور حتمی نتیجے کو فارم 47، 48اور 49پر خود تیار اورسیل کریگا، الیکشن کمیشن نے تجویز کیا ہے کہ امیدوار الیکشن اخراجات کیلئے نیا بینک اکاؤنٹ کھولے یا موجودہ اکاؤنٹ کو ہی مختص کرے تاہم بینک اکاؤنٹ، جوائنٹ اکاؤنٹ نہیں ہو گا، امیدوار الیکشن اخراجات کے حوالے سے رسید، بل، چالان اور واؤچر سمیت ہر ادائیگی کا ریکارڈ رکھے گا۔یہ تجویز بھی پیش کی گئی ہے کہ الیکشن درخواست ایک لاکھ روپے کے ساتھ جمع کرائی جائیگی، کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع رقم ناقابل واپسی ہو گی، رقم حکومتی خزانے میں جمع کرائی جائیگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کسی اور شخص کو الیکشن اخراجات کرنے کی اجازت دینے پر امیدوار اس کا بھی تمام تر ریکارڈ دے گا، فنانسنگ کرنے والےکا شناختی کارڈ، اخراجات کی اقسام اور آمدن کے ذرائع بھی دیئے جائینگے۔ امیدواروں کی انتخابی نشان کے ساتھ فہرست ویب سائٹ پر بھی آویزاں کی جائیں گی، امیدوار آر او کو الیکشن اخراجات کے ساتھ مہم کی فنانسنگ کی تفصیلات بھی دیگا، آر او مسترد شدہ ووٹ کو امیدوار اور الیکشن ایجنٹ کی موجودگی میں کھولے گا، آر او عبوری اور حتمی نتیجے کو فارم 47، 48 اور 49 پر خود تیار کر کے سیل کریگا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن اخراجات کیلئے دو نئے فارم 67 اور 68 بھی شامل کیے جائینگے، امیدوار کی ملک، بیرون ملک غیر منقولہ پراپرٹی، خریدے گئے اثاثوں کی تفصیلات بھی جائیں گی۔ اسکے علاوہ امیدوار کی گاڑیوں، زیور، بینک یا نقدی کی تفصیلات بھی فارم میں جمع کرائی جائیں گی۔ الیکشن کمیشن کی تجاویز میں یہ بات بھی شامل ہے کہ پارٹی سربراہ انٹرا پارٹی الیکشن کے انعقاد سے 15 روز قبل الیکشن شیڈول الیکشن کمیشن کو ارسال کریگا، انٹرا پارٹی الیکشن کے انعقاد کے 7 روز کے اندر کمیشن کو آگاہ کیا جائیگا۔الیکشن رولز میں پیش کی گئی ترامیم میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتوں پر کیا گیا جرمانہ حکومتی خزانے میں جمع ہو گا، الیکشن اخراجات کیلئے سیاسی جماعت کو 10 لاکھ روپے سے زائد عطیہ دینے والوں کی تفصیلات دینا ہونگی، سیاسی جماعت کی فنانسنگ کیلئے نیا فارم 69 بھی شامل کیا جائیگا۔

اہم خبریں سے مزید