ڈیرہ بگٹی (نامہ نگار) سوئی کے علاقے جانی بیڑی سے اغوا ہونے والے 6فٹبالرز کا سراغ نہ لگایا جاسکا 9ستمبر کو ڈیرہ بگٹی سے سبی فٹ بال ٹورنامنٹ کیلئے جانیوالے 6فٹبالرز جن میں امیر، فیصل، یاسر، شیراز، سہیل اور بابر شامل ہیں تاہم 2ہفتے کا وقت گزر جانے کے باوجود مغویوں کو بازیاب نہیں کر وایا جاسکا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق مغویوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے تاہم اب تک مغویوں کی بازیابی میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ ڈیرہ بگٹی سے فٹبالرز کے اغوا کی خبر پر وفاقی اور صوبائی وزراء داخلہ کی کوششوں کے باوجود ان کی بازیابی کے لئے کوئی حل سامنے نہ آ سکا ،دوسری جانب واقعہ کا نگراں وزیر کھیل و امور نوجوانان جمال رئیسانی نے بھی نوٹس لیا تھا ،اغوا ہونے والے فٹبالرز کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں،مغوی فٹبالر محمد یاسر کے والد امیر بخش نے نمائندہ جنگ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بچوں کی بازیابی سے متعلق پیش رفت پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جب بھی کوئی مایوسی کی خبر آتی ہے تو ہر گزرتے دن کے ساتھ والدین کی پریشانی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔