کراچی( اسٹاف ر پو ر ٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن سےانجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے وفد نے ادارہ نورحق میں سکریٹری انجمن اساتذہ ڈاکٹر فیضان نقوی کی قیادت میں ملاقات کی اور جامعہ کراچی کے مسائل سے آگاہ کیا، اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی بھی موجود تھے،وفد میں جوائنٹ سکریٹری انجمن اساتذہ ڈاکٹر اسد تنولی،ارکان مجلس عاملہ،انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر انتخاب الفت،ڈاکٹر معروف بن رؤف،ڈاکٹر عبدالجبار خان اور ڈاکٹر ندا علی شامل تھے، ڈاکٹر فیضان نقوی نے جامعہ کراچی کی موجودہ صورتحال اور اساتذہ کی جانب سے کی جانے والی ہڑتال کے حوالے سے اساتذہ کا مؤقف پیش کیا،حافظ نعیم الرحمٰن نےاساتذہ کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ہم انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے ساتھ ہیں،انہوں نے مزیدکہاکہ اس وقت ہم سب کو مل کر جامعہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے آواز بلند کرنا ہوگی،ڈاکٹر فیضان نقوی نے کہا کہ جامعہ کراچی کے مالی و انتظامی معاملات انتہائی انقلابی اقدامات کے متقاضی ہیں،بارہا یا دہانی کے باوجود تمام مسائل جوں کے توں ہیں،تنخواہوں کی ادائیگی سے لے کر سلیکشن بورڈز،ہاسپٹل پینل کی بندش، تنخواہوں میں بجٹ کے مطابق اعلان کردہ اضافہ تمام امور تاحال حل طلب ہیں۔