• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین گیمز، قومی ہاکی ٹیم کا فاتحانہ آغاز، پہلا گولڈ چینی خواتین روئنگ کھلاڑیوں کے نام

کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایشین گیمز میں قومی ہاکی ٹیم نے اپنی مہم کا آغاز سنگاپور کے خلاف کامیابی سے کیا، جبکہ قومی والی بال ٹیم کو کوارٹر فائنل میں قطر کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، ایشین گیمز کا پہلا گولڈ میڈلز چینی خواتین نے روئنگ کے ڈبل اسکلز ایونٹ میں جیتا،ژو جائی کیو اور کوئیژنگ پنگ نے اس ایونٹ کا گولڈ اپنے نام کیا، میڈلز کی دوڑ میں چین نے اپنی برتری ثابت کرنا شروع کردی، اس نے مختلف ایونٹ میں 20گولڈ،سات سلور اور تین برانز میڈلز کے ساتھ 30میڈلز اپنے نام کر لئے ہیں، کوریا نے پانچ، جاپان اور ہانگ کانگ نے دو، دو جبکہ ازبکستان اور چائینز تائپے نے ایک، ایک گولڈ میڈل جیت لئےہیں، میڈلز ٹیبل پر18ممالک نے پوزیشن حاصل کر لی، ایشین گیمز ہاکی میں پاکستان نے سنگاپور کو اپنے پہلے میچ میں 11.0سے مات دی، پاکستان کی جانب سے ارباز احمد ، ارشد لیاقت نے تین تین گول ، عبدالرحمٰن، محمد عماد، افراز، سفیان خان اور رانا وحید نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔پاکستان ہاکی ٹیم 26 ستمبر کو بنگلہ دیش کے خلاف اپنا دوسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق 12:45بجے دن کھیلے گی۔ ایشین گیمز ہاکی مقابلوں میں بارہ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان بھارت، جاپان، بنگلہ دیش، سنگا پور اور ازبکستان کی ٹیمں پول اے میں شامل ہیں جبکہ کوریا ، ملائشیا، چین، عمان، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں پول بی میں شامل ہیں۔ ہاکی کے دیگر میچوں میں اتوار کوبھارت نے ازبکستان کو ، جاپان نے بنگلہ دیش کو ملائیشیا نے تھائی لینڈ کو کوریا نے انڈونیشیا کو چین نے عمان کو شکست دی۔ ٹینس کے خواتین سنگلز میں پاکستانی پلیئرز نے فاتحانہ آغاز کیا۔اشنا سہیل نے پہلے راؤنڈ میں تاجکستان کی سمعیہ تکتیوا کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی، سارہ ابراہیم نے قطر کی ہند المداخا کو ہرایا، مینز سنگلز میں پاکستان کے عقیل خان کو پہلے راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔مکسڈ ڈبلز کے پہلے میچ میں پاکستان نے منگولیا کے پیئر کو آؤٹ کلاس کردیا، سوئمنگ کے انفرادی فری اسٹائل اور انفرادی میڈلے کی ہیٹس میں پاکستانی سوئمرز کی جانب سے مایوس کن آغاز دیکھنے میں آیا۔ ایشین گیمز سوئمنگ میں پاکستان کے امان صدیقی اور احمد درانی اگلے راؤنڈ تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے، مردوں کی 200 میٹر انفرادی میڈلے میں احمد علی درانی کی ٹائمنگ 2 منٹ 15.10 سیکنڈز رہی، احمد درانی نے نیا قومی ریکارڈ تو بنادیا مگر اگلے راؤنڈ تک نہ آسکے، 100 میٹر انفرادی فری اسٹائل میں پاکستان کے احمد درانی ہیٹس میں 33 اور امان صدیقی 37 ویں پوزیشن پر رہے۔ تائیکوانڈو میں پاکستان کی نائلہ کوارٹر فائنل میں مات کھاگئی، نائلہ نے پہلے راؤنڈ میں سعودی عرب کی مدہت ابرار بخاری کو شکست دی تاہم کوارٹر فائنل میں نائلہ کو جاپانی ایتھلیٹ نے ہرایا۔

اسپورٹس سے مزید