اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ میں اٹک جیل میں قید چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سائفر کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت (آج)25 ستمبر بروز پیر کو ہوگی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کریں گے۔ گزشتہ سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے سماعت جلد رکھنے کی استدعا کی تھی، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے تھے کہ ایک پروسیجر کے تحت معاملات چلتے ہیں، آپ سینئر وکیل ہیں، عدالتی طریقہ کار کو جانتے ہیں، آئندہ پیر کے لیے نوٹس جاری کر دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ 14 ستمبر کو اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سفارتی سائفر سے متعلق آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کے تحت درج مقدمے میں عمران خان اور پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری مسترد جبکہ سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد عمر کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی تھی۔