بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور سیاسی رہنما راگھو چڈھا گزشتہ روز رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے، شادی کے بعد نوبیاہتا جوڑے کی پہلی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی راجھستان کے علاقے ادے پور میں واقع لیلا پیلس میں دھوم دھام سے منعقد ہوئی۔
اس نوبیاہتا جوڑے نے اپنی شادی کے حوالے سے باضابطہ اعلان تو نہیں کیا تاہم بھارتی میڈیا پر ان کے شادی کے بعد پہلی تصویر سامنے آ گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتی اس تصویر میں پرینیتی چوپڑا کو ہلکی گلابی ساڑھی، ہندو مذہبی روایت کے مطابق ماتھے میں سندور اور ہاتھوں میں چوڑیاں پہنے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ان کے ہمراہ ان کے شوہر راگھو چڈھا بھی سیاہ ٹکسڈو میں ملبوس پوز دے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ تصویر شادی کی تقریب کے بعد ہونے والے استقبالیے کی ہے۔
یاد رہے کہ اس جوڑے کی شادی کی مختلف تقریبات کا آغاز دہلی میں ایک دعائیہ تقریب سے ہوا تھا، جس کے بعد صوفی نائٹ منعقد ہوئی جس میں صرف قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد موجود تھے۔
بعد ازاں ادے پور میں گزشتہ جمعے کو مہندی اور پھر ہلدی کی تقریب منعقد ہوئی، اس کے بعد باری آئی بالی ووڈ سنگیت اور شادی کی تقریب کی جو استقبالیے پر ختم ہوئی، جس میں قریبی دوستوں اور رشتے داروں نے شرکت کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک استقبالیہ تقریب ممبئی میں بھی منعقد کی جائے گی جس میں بالی ووڈ انڈسٹری کے فنکاروں کو مدعو کیا جائے گا۔