کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگلے سال پی ایس ایل 9 میں کسی ٹیم کا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ چھ ٹیموں پر مشتمل ہوگا۔ ٹورنامنٹ 8 فروری سے 24 مارچ تک ہوگا۔ پی ایس ایل کے فائنل شیڈول کی منظوری پی ایس ایل کے اگلے اجلاس میں دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام فرنچائز نے اتفاق رائے سے ٹورنامنٹ کسی اور ملک منتقل نہ کرنے پر اتفاق کیا۔ ملک میں عام انتخابات کی وجہ سے اگر لیگ کے میچ متاثر ہوئے تو شیڈول تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ پیر کواجلاس چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کی صدارت میں ہواجس میں پی ایس ایل کےمختلف امور زیر بحث آئے۔ خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے پی ایس ایل کے دوران ویمنز لیگ یا نمائشی میچوں کے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔ پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 9 کے ڈیجیٹل میڈیا رائٹس اور دوسرے کمرشل ٹینڈرز کے عمل پر بھی بات چیت ہوئی۔ اجلاس میں پی ایس ایل کے گزشتہ ایونٹ کی رپورٹ فرنچائزز کو پیش کی گئی۔ اجلاس میں ملتان سلطانز کے سابق مالک عالمگیر ترین کے خدمات کو سراہا گیا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔