اسلام آباد(نمائندہ جنگ)فیض آباد دھرنا کیس میں آئی بی نے سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست واپس لینے کی استدعا کردی، عوامی لیگ کے سربراہ زیر حراست، ان سے رابطہ نہیں ہورہا، شیخ رشید کے وکیل نے بھی سماعت کے التوا کی درخواست دائر کردی،.
تفصیلات کے مطابق انٹیلی جنس بیورو(آئی بی)نےʼʼ فیض آبا دھرناʼʼ ازخود نوٹس کیس کے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر کی گئی نظر ثانی کی درخواست واپس لینے کیلئے متفرق درخواست جمع کرادی جبکہ اسی مقدمہ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کی طرف سے بھی سماعت کے التوا ء کی درخواست دائر کی گئی ،منگل کو آئی بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی جانب سے سپریم کورٹ میں ایک متفرق درخواست دائر کی گئی جس میں ʼʼفیض آباد دھرنہ کیسʼʼ کے فیصلے کے خلاف دائر نظر ثانی درخواست لینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آئی بی فیصلے کے خلاف نظرثانی کے حوالے سے دائر درخواست واپس لینا چاہتا ہے اس لیے متفرق درخواست منظور کرکے نظر ثانی درخواست واپس لینے کی اجازت دی جائے۔