اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں اضافہ کردیا گیاجس کا نوٹیفکیشن وزارت داخلہ نے جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق کم سے کم جرمانہ 500 روپے ہوگا۔ تیز رفتاری پر موٹر سائیکل سوار کو 1000 روپے، کار کو 1500 روپے، پی ایس وی وہیکل کو 2000 روپے جبکہ ایچ ٹی وی وہیکل کو 2500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ کالے شیشوں کے استعمال پر 1500 روپے، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر2000 روپے، کم عمر ڈرائیور کو 2500 روپے،غیر قانونی پارکنگ پر ایک ہزار روپے اور ون ویلنگ پر 5000 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹر سائیکل چلانے پر 1000روپے، کار چلانے پر 2000 روپے،ایچ ٹی وی اور پی ایس وی وہیکل پر 8000 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔