کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ کے وسط میں واقع پٹیل روڈ پر گاڑی کی ٹکر سے متاثر ہونے والے ٹرانسفارمر کی مرمت نہ ہونے سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، گھروں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ، کیسکو حکام سے فوری طور پر بجلی کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا ، کوئٹہ کے علاقے پٹیل روڈ پر پیر اور منگل کی درمیانی شب گاڑی کی ٹکر سے بجلی کا ٹرانسفارمر زمین پر گرنے سے علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جس کی اطلاع کیسکوحکام کو دی گئی تاہم منگل کو رات گئے تک کیسکو کی جانب سے ٹرانسفارمر کی دوبارہ تنصیب اور بجلی کی بحالی ممکن نہ ہوسکی ، علاقہ مکینوں نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ گاڑی کی ٹکر سے ٹرانسفارمر گرنے اور بجلی کی بندش سے کیسکو حکام کو آگاہ کیا گیا لیکن کئی گھنٹے گزرجانے کے بعد بھی بجلی کی بحالی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے، گھروں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی جبکہ علاقے کی مسجد میں وضو کے لئے بھی پانی دستیاب نہیں ، علاقہ مکینوں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کی ادائیگی کے باوجود کیسکو حکام کی جانب سے مسئلے کی جانب جانب توجہ نہ دینا افسوس ناک ہے ، بجلی کے بلوں کی وصولی کے لئے جس برق رفتاری کا مظاہرہ کیا جارہا ہے اس رفتار سےصارفین کی شکایات پربھی توجہ دی اور بجلی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔