اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں،جنگ نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے قانون پر عمل کرنا لازم ہوتا ہے، جب مقننہ قانون سازی کردے تو عدالت اور ہم سب کا فرض ہے اس پر عملدرآمد کریں، سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کو شفاف ہونا چاہیے،ورنہ عوام کا اعتماد کیسے حاصل کریگا، عدالت نے انکم ٹیکس کمشنر کے ٹیکس تشخیص اختیار کیس میں نظر ثانی درخواست مسترد کرتے ہوئے وقت ضائع کرنے پر کمشنر کو 10ہزار روپے جرمانہ کردیا۔انکم ٹیکس کمشنر کے ٹیکس کی تشخیص کے اختیار سے متعلق نظر ثانی کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے کی، ایڈشنل کمشنر ان لینڈ ریونیو پشاور سہیل احمد عدالت میں پیش ہوئے۔