اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پاکستان نے کہا ہے کہ سی پیک میں شامل نہ کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں جبکہ چین نے کہا ہے کہ مسائل پر بات کرنے پر تیار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایک اعلامیہ میں وزارت منصوبہ بندی نے کہا ہے کہ چین کی طرف سے پاک چین اقتصادی راہدراری میں نئے منصوبوں کو شامل نہ کرنے کی خبریں بالکل بے بنیاد ہیں، ان کا خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ پاکستان اور چین سی پیک کے دائرہ کو مختلف شعبوں میں وسعت دینے کے لئے پرعزم ہیں۔ سی پیک کے تحت منصوبوں کی بدولت پاکستان کے انفرااسٹرکچر، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں بہتری آئی ہے۔ادھر چین کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کےسفیرجیانگ ژی ڈونگ نے کہا کہ باہمی مفادات، مسائل پر پاکستان سےمل کرکام کرنےکوتیارہیں، سکیورٹی ،اقتصادی تعاون بڑھانےکیلئےپاکستان کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں، سی پیک ہر مشکل میں پاک چین دوستی کی علامت بن رہا ہے، چین کی ترقی کو دنیا سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کیساتھ تعاون، مشترکہ منصوبوں کی تلاش پربات چیت کامنتظرہے، سی پیک کی بطوراہم پلیٹ فارم اعلٰی معیارکی ترقی کےفروغ کےاصول پرکاربندہیں، ہم طویل مدتی آزادانہ ترقی کیلیےپاکستان کی صلاحیت بہتر کرنےمیں مددکوتیارہیں، سی پیک 510کلومیٹر کی ایکسپریس ویز،8ہزار میگاواٹ بجلی لایا، ایک لاکھ55ہزار افراد کو براہ راست ملازمتیں ملی ہیں ، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا پائلٹ پراجیکٹ ہے، چین کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کو پوری دنیا میں سراہا گیا ہے، ہم نے ترقی کی وہ فلاسفی اختیار کی جس کا محور انسان ہیں، چین کا عالمی ترقی کی شرح میں حصہ 30فیصد سے زیادہ ہے۔