اسلام آباد (اے پی پی)مستونگ واقعہ میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی اور انکی سپاہ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے اس بات کا ثبوت دیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تحفظ کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،سکیورٹی ذرائع کے مطابق عید میلاد النبی ؐکے موقع پر بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات ،بد امنی پھیلانے کی ایک اور گھنائونی سازش ہے۔مستونگ واقعہ کے بعد عوام کا جذبہ ایثار ملی اخوت اور بھائی چارے کی اعلیٰ مثال ہے۔ہنگو میں مسجد میں ہونے والے خود کش حملے میں پولیس نے بےمثال جرات اور بہادری سے ایک بڑے نقصان سے بچائو ممکن بنایا، ژوب کے علاقے سمبازہ میں دہشتگردی کی ایک کارروائی کے نتیجے میں چار سکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔عید میلاد النبیؐ کے مقدس موقع پر معصوم اور نہتے مسلمانوں کو نشانہ بنانے والے نہ تو مسلمان ہو سکتے ہیں اور نہ ہی پاکستانی ہیں۔ ہمارا ازلی دشمن بھارت جو ہر وقت پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے رہتا ہے ایسے دہشتگردی کے واقعات کروا کر ہماری اور دنیا کی توجہ اپنے اندرونی اور بیرونی مسائل سے ہٹانا چاہتا ہے۔ حال میں ہی کینیڈا میں سکھوں کو قتل کرنے میں انڈین گورنمنٹ اور را براہِ راست ملوث پائے گئے ہیں جسکی وجہ سے وہ دنیا میں ایک دہشتگرد سٹیٹ کہلائے جا رہے ہیں اور انتہائی پریشر میں ہیں،بھارتی ٹوئٹر اکائونٹ نے اس امر کی توثیق کی ہے بھارت ڈی ایس پی کے بدلے ڈی ایس پی کی جان لے کے اسے اپنی فتح گردان رہا ہے۔ اِس بات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ ٹی ٹی پی، داعش وغیرہ کو ڈالرز دے کر پاکستان میں بد امنی پھیلائی جائے جیسا کے پہلے بھی بھارت متعدد بار ایسے گھٹیا حربے استعمال کر چکا ، بلوچستان کے اندر دہشتگردی کروانے کے ناقابل تردید ثبوت پاکستان پہلے بھی دنیا کو دے چکا۔