• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس اور جیل حکام میں ملاقات، اڈیالہ جیل سکیورٹی اطمینان بخش قرار

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس اور جیل حکام میں ہونے والی ملاقات میں اڈیالہ جیل کی سیکورٹی کواطمینان بخش قراردے دیا گیا۔ذرائع کے مطابق قائم مقام ایس پی آپریشنز فیصل سلیم اورچیف ٹریفک آفیسرتیمورخان نے سپرنٹنڈنٹاڈیالہ جیل اسدجاوید وڑائچ سے ملاقات کی اور سینٹرل جیل راولپنڈی کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی بارے تبادلہ خیال کیا۔سپرنٹنڈنٹ جیل کو آگاہ کیاگیاکہ اڈیالہ جیل کے سامنے اور گورکھ پورمیں راولپنڈی پولیس کی پہلے سے دوسکیورٹی پکٹس قائم ہیں ،اس کے علاوہ پولیس موبائل 24گھنٹے گشت پرمامور ہے۔ راولپنڈی سکیورٹی برانچ سے 50اہل کار ،اڈیالہ گاردکے 110اور ایلیٹ فورس کے سیکشن اس وقت جیل کی بیرونی سکیورٹی پرتعینات ہیں اور بوقت ضرورت مزید نفری بھی سکیورٹی پر مامور کی جاسکتی جب کہ جیل کے قریب دو مزیدپکٹس لگانے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔ملاقات کے دوران طے پایاکہ جیل کے اردگردکے علاقوں میں سرچ آپریشنز کاسلسلہ شروع کیاجائے ۔پولیس اور دیگرقانون نافذکرنے والے اداروں کے اہل کار جیل کے قریب آبادی اور دکانوں کی چیکنگ کریں گے اور لوگوں کے کوائف کی پڑتال کی جائے گی ۔سپرنٹنڈنٹ جیل اسد جاوید واڑئچ نے پولیس افسروں کوبتایاکہ اندرونجیل اور مرکزی دروازوں پر سکیورٹی بڑھادی گئی ہے ،دیگرجیلوں سے آنے والے 200سے زیادہ وارڈرزکو اندرون جیل ذمہ داریاں سونپی گئی ہیںجب کہ جیل کی باؤنڈری وال کو کچھ عرصہ پہلے مزیداونچاکرکے خاردارتاریں لگائی گئی ہیں ،اور جیل کے اندراور باہر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی کاسلسلہ جاری ہے ،جیل میں سرچ لائٹس کابھی مناسب انتظام ہے ۔
اسلام آباد سے مزید