راولپنڈی، اسلام آباد (خبر نگار خصوصی، جنگ نیوز،خصوصی نامہ نگار) جڑواں شہروں میں جشن میلادالنبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔ اس موقع پر سبیلوں اور لنگرونیاز کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے راولپنڈی میں جلوسوں اور میلاد کی محافل کی سکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کئے گئے ۔ راولپنڈی شہر و چھائونی کی1ہزار سے زائد سیرت ومیلاد کمیٹیوں نے میلاد کے جلوسوں میں شرکت کی۔ مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام راولپنڈی شہر میں میلاد کا مرکزی جلوس صبح10بجے جامع مسجد روڈ سے شروع ہوا ۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ اورڈسٹرکٹ خطیب حافظ اقبال رضوی دربار عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین پیر نقیب الرحمان ،دربارعالیہ گلشن آباد شریف کے سجادہ نشین پیر سرکار جی،مرکزی سیرت کمیٹی کے عیدیداروں اور سیاسی و سماجی شخصیات کے ہمراہ جلوس کا افتتاح کیا ۔جامع مسجد روڈ سے شروع ہونے والا جلوس مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا رات گئے واپس جامع مسجد روڈ پر اختتام پذیر ہوا۔ اس دوران شہر بھر سے900کے قریب سیرت و میلاد کمیٹیوں کے جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہوئے۔ مرکزی جلوس میلاد کمیٹی راولپنڈی کینٹ کے زیر اہتمام 12ربیع الاول کا مرکزی جلوس صبح 10بجے چوک چونگی نمبر22سے شروع ہو ا جس میں مرکزی جلوس میلاد کمیٹی راولپنڈی کینٹ کے ناظم اعلیٰ و جنرل سیکرٹری علامہ رضا المصطفیٰ نورانی ، جوائنٹ سیکرٹری راجہ اشفاق ،محمد عامر صدیقی ، محمد یاسر بشیرسیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ یہ جلوس بھی مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا جی ٹی ایس اڈہ (واران اڈہ)میسی گیٹ پر اختتام پذیر ہواجس میں کینٹ کے مختلف علاقوں سے 100سے زائدمیلاد کمیٹیوں کے جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہوئے۔ ادھر شہر بھر میں نعت رسول مقبول ﷺ کی محافل میں خصوصی سٹیج تیار کئے گئے تھے جہاں پر ہدیہ نعت پیش کرنے والے نعت خوانوں کو انعامات اور تحائف دیئے گئے۔ دریں اثناءمرکزی میلاد کمیٹی تابش ہائوس کے زیراہتمام بھی تیرہویں جشن میلادالنبیؐ کے جلوس اور محفل میلادکا انعقاد کیا گیاجس میں سابق مشیروزیراعظم حنیف عباسی ،سابق ایم پی اے راجہ حنیف،سابق وزیر ملک امین اسلم،سابق میئر سردار نسیم،، ملک ابرار ،سجادہ نشین شاہ چن چراغ سید اعتبار حسین شاہ، پیر کرامت علی قادری،پروفیسر شفیع القادری اور میلاد کمیٹی کے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔جلوس کے بعد محفل میلاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر ہی زندگی میں کامیابی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ذکر مصطفیٰ دلوں کو کینہ اور بغض سے پاک کرتا ہےاور جو کوئی بھی اس ذکر کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کر لیتا ہے اس کے مقدر کے ستارے چمک جاتے ہیں۔قبل ازیں جلوس کا آغاز جامع مسجد شاہ میران ائرپورٹ سوسائٹی سے ہوا جو تابش ہائوس پہنچ کر اختتام پذیر ہواجہاں محفل میلاد کے انعقاد کے بعد میلاد کمیٹیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔بعد ازاں الحاج منصور تابش کے صاحبزادوں ناصر علی تابش،نیئر علی تابش اور وسیم علی تابش کی طرف سے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔وفاقی دارالحکومت میں بھی نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ آلہ وسلم کا یوم ولادت عقیدت سے منا گیا،وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا۔ 12 ربیع الاول کا جلوس جی سیون ستارہ مارکیٹ گراؤنڈ سے ہوا، جس کی قیادت سجادہ نشین دربار عالیہ مرشد آباد شریف پشاور خواجہ محمد بدر عالم جان اور سی ڈی اے مزدور یونین کے سیکرٹری جنرل چودھری محمد یسین کر رہے تھے ۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گذرتا ہوا حضرت بری کے والد کے مزار پر دعاؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔