راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)اسلام آباد کیپٹل پولیس کے انسداد ڈکیتی و رابری یونٹ نے خطرناک افغان نژاد گروہ کے تین ڈ اکو ؤں کوزخمی حالت میں گرفتارکرلیاجبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار ڈکیت گروہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں متعدد ہائی پروفائل اور سنگین نوعیت کے درجنوں مقدمات میں مطلوب تھا۔یہ گروہ راولپنڈی میں ایک سیشن جج کے قتل میں بھی ملوث تھا۔اسلام آباد کیپٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی اور ان کے لئے انعامات کا اعلان کیا ہے۔دریں اثناءاسلام آبادپولیس کے زیرحراست زخمی افغان ڈاکوؤں نے دوران تفتیش اہم انکشافات کئے ہیں ،ذرائع کے مطابق ملزموں نے انکشاف کیاکہ چئیرمین سینٹ وسیم سجاد کے گھر ڈکیتی انہوں نے کی تھی ،اس کے علاوہ ملزموں نے پی ٹی آئی کے راہ نما اور سابق وزیراعظم عمران کے قریبی ساتھی مرحوم نعیم الحق کے گھر میں واردات کرنے کابھی اعتراف کیا۔پولیس ذرائع کاکہناہے مذکورہ افغان ڈاکوؤں کاگروہ ایک غیر ملکی سفارت خانے میں تعینات خاتون کے گھر میں بھی ڈکیتی کر چکاہے ،ملزمان گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان میں غیرقانونی طور پر قیام پذیر تھے ۔ پاکستان میں موجود غیرقانونی افرادکے خلاف کارروائی کرنے بارے فیصلے کی روشنی میں شروع کی گئی مہم میں مذکورہ افغان باشندوں کاسراغ لگایاگیا جس کے بعد انہیں ڈرامائی اندازمیں حراست میں لیاگیا۔