• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کو نکالنے والے عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں، مریم نواز

لاہور (نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کو نکالنے والے عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں، نوازشریف پہلے سے زیادہ طاقتور ہو کر واپس آئیگا، 21اکتوبر کو فرد واحد نہیں پاکستان کی خوشحالی آرہی ہے، نواز شریف کی دی ہوئی ترقی نکال دیں تو پاکستان میں صرف کھنڈرات بچتے ہیں، نواز شریف پاکستان کے زخموں پر مرہم ہے، وہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے اور پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے آ رہے ہیں۔ ان کا بھرپور استقبال کرینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ والنٹئیرز کے اجلاس اور شاہدرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں مریم نواز نے، نواز شریف کے استقبال کیلئے ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کوارڈی نیٹرز کے ناموں کا اعلان بھی کیا۔ اجلاس میں پارٹی قائد محمد نواز شریف کے 21 اکتوبر کو استقبال کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔ مریم نواز نے کہا کہ جیسے آپ نواز شریف سے محبت کرتے ہیں ،نواز شریف بھی آپ اور عوام سے ایسے ہی محبت کرتے ہیں، 21 اکتوبر کو عوام ثابت کریں گے کہ قائد صرف نواز شریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیشہ نواز شریف کو سرخرو اور سربلند کیا، نظام کی اصلاح، عوام کی فلاح نواز شریف کا مقصد ہے، نواز شریف معیشت بحال، دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف عوام کو مہنگائی سے نجات، نوجوانوں اور مزدوروں کے لئے روزگار، امن اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کرینگے،ہم نے قوم کی خدمت کا ایک لمحہ ضائع کیا نہ آئندہ کریں گے۔دریں اثنا شاہدرہ میں مسلم لیگ ن کے جلسےسے مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا نوازشریف نے کہا تھا کہ اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں۔نوازشریف پہلے سے زیادہ طاقتور ہو کر واپس آرہے ہیں۔ آپ نے 21 اکتوبر کو نوازشریف سے ملنےمینارپاکستان آناہے،21 اکتوبر کو بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے والےنوازشریف آرہے ہیں،21 اکتوبرکو ایک فرد واحد نہیں پاکستان کی خوشحالی واپس آرہی ہے،نوازشریف کوختم کرنےکی بہت بار کوششیں کی گئیں،خواتین عہدیداروں نے کہا کہ 21 اکتوبر کو اپنے قائد نواز شریف کا بھرپور استقبال کرینگے، اپنے بچوں اور فیمیلیز کے ہمراہ قوم کے مسیحا کو خوش آمدید کہیں گے۔

اہم خبریں سے مزید