گلاسگو (طاہر انعام شیخ) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے چھوٹے بھائی اور اسکاٹ لینڈ کی ممتاز کاروباری و سیاسی شخصیت چوہدری رمضان پرویز کو گلاسگو میں سپردخاک کردیا گیا۔ چوہدری رمضان پرویز تقریباً45سال گلاسگو میں رہنے کے بعد چند سال قبل مستقل طور پر پاکستان منتقل ہوگئے تھے اور اب ٹوبہ ٹیک سنگھ سے پی ٹی آئی کی طرف سے صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈر تھے۔ چوہدری رمضان گزشتہ دنوں دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔ چوہدری محمد سرور ان کی میت لے کر پاکستان سے برطانیہ پہنچے تھے۔ گلاسگو کی سینٹرل مسجد میں ان کی نماز جنازہ میں برطانیہ سے بہت بڑی تعداد میں افراد شریک ہوئے جن میں اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف، قونصل جنرل پاکستان سید زاہد رضا، لندن سے راجہ مظہر حیات اور اصغر چوہدری، مانچسٹر سے انیل مسرت، رانا عبدالستار، ویلز سے شہزادہ حیات شامل تھے۔ کسی زمانے میں اگر کوئی فرد برطانیہ میں فوت ہوتا تو اس کی میت کو پاکستان لے جاکر دفن کیا جاتا تھا جب کہ اب صورت حال اس کے برعکس ہوگئی ہے اور اب اکثر ایسے افراد جو پاکستان میں جاکر فوت ہوتے ہیں، ان کی میت کو برطانیہ لاکر دفن کیا جاتا ہے کیونکہ ان کا خاندان برطانیہ میں ہوتا ہے۔