کراچی( اسٹاف رپورٹر )شاہ لطیف کے علاقے میں کرایہ نہ دینے پر جھگڑے میں کرایہ دار نے مالک مکان پر فائرنگ کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی،تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود سیکٹر 17-b میں فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے،اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور جاں بحق شخص کی لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں جاں بحق شخص کی شناخت 50 سالہ ملک بابر اعوان جبکہ زخمیوں کی عبدالوحید اور حبیب کے ناموں سے ہوئی ہے ،پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص کرایہ دار جبکہ زخمی عبدالوحید مالک مکان تھا ،بابر نے کرایہ ادا نہیں کیا تھا جس پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا ،اس دوران کرایہ دار ملک بابر اعوان نے اپنے پاس موجود پستول سے مالک مکان اور اسکے گھر آئے ہوئے اسکے دوست پر فائرنگ کر دی اور بعد میں اپنی کنپٹی پر گولی مار کر خودکشی کر لی، کورنگی صنعتی ایریا مہران ٹاؤن قبرستان کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں 30 سالہ شہزاد جاں بحق ہو گیا ،پولیس کے مطابق مقتول موٹر سائیکل پر جا رہا تھا جبکہ ملزمان نے اسے نشانہ بنایا،فوری طور پر قتل کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے،مقتول مہران ٹاؤن کا ہی رہائشی تھا۔