کراچی (سید محمد عسکری) ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں گزشتہ5؍ برس سے خالی اہم ترین اسامی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی آسامی کیلئے انٹرویوز چیئرمین ایچ ای سی کے بیرون ملک دورے کی وجہ سے ملتوی کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ انٹرویوز 13؍ ستمبر کو ہونے تھے اور 18؍ امیدواروں کو خطوط بھی جاری کردیئے تھے تاہم چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار کو کیوبا کے دورے کی دعوت ملی تو انہوں نے فوری طور پر طے شدہ انٹرویو ملتوی کردئیے اور باقاعدہ خط جاری کیا کہ نگراں وزیر اعظم نے چیئرمین ایچ ای سی کو کیوبا جانے والے وفد میں شامل کیا ہے اس لیے یہ انٹرویو ملتوی کردیئے گئے۔ ایک امیدوار نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے اسے انتہائی غیر سنجیدہ اقدام قرار دیا ہے اور کہا پاکستان میں اعلیٰ تعلیم بھی ایک مذاق بن گئی ہے پہلے ایچ ای سی نے ای ڈی کے عہدے کیلئے پرائمری انٹرویو کا ڈرامہ کیا اور 18؍ امیدواروں کو اسلام آباد بلایا اور پھر جب پرائمری انٹرویو کی خبریں اخبار میں آئیں تو کہا گیا کہ یہ تعارفی اجلاس تھا ایچ ای سی اور اعلیٰ تعلیم سے متعلق امیدواروں سے گفتگو کرنی تھی تاہم پرائمری انٹرویو کے بعد ای ڈی کے عہدے کیلئے اصل انٹرویوز ملتوی کردیئے اور خط دے گیا کہ چیئرمین کیوبا کے دورے پر جارہے ہیں۔ ایچ ای سی کے ذرائع کے مطابق چیئرمین دورہ کرکے آچکے ہیں اور اب ای ڈی کے عہدے کے لیے ملتوی شدہ انٹرویوز 5؍ اکتوبر کو لئے جائیں گے۔