• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جسٹس عرفان سعادت خان قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا آج حلف اٹھائینگے

کراچی (رپورٹ :محمد منصف ) جسٹس عرفان سعادت خان قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی حیثیت سے آج حلف اٹھائیں گے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس سعادت خان کو مستقل چیف جسٹس کی منظوری جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں دیدی جائے گی یا پھر سینیارٹی فہرست کے مطابق سپریم کورٹ کا جج تعینات کر دیا جائے گا جسٹس عرفان سعادت خان سنیارٹی لسٹ کے اعتبار سے سپریم کورٹ نہ جانے کی صورت میں 2 فروری 2025 کو ریٹائرڈ ہوجائیں گے جو 25 ستمبر 2009 کو ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے تھے۔ قائم مقام جسٹس عرفان سعادت خان آج ( منگل ) کو صبح 9 بجے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ سندھ ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عقیل احمد عباسی ان سے حلف لیں گے۔ واضح رہے کہ ان سے قبل جسٹس ( ر ) احمد علی ایم شیخ کم و بیش ساڑھے چھ سال چیف جسٹس رہنے کے بعد پیر کے روز ریٹائرڈ ہوگئے۔ جسٹس شیخ بھی جسٹس عرفان سعادت خان کے ساتھ 2009 میں ہائی کورٹ کے جج تعینات ہوئے تھے اور مارچ 2017 میں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔ ساڑھے چھ سال چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہنے والے جسٹس ریٹائرڈ احمد علی ایم شیخ کے ہی دورانیہ میں ان سے جونیئر سندھ ہائی کورٹ کے تین ججز سپریم کورٹ گئے جن میں جسٹس منیب اختر ، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس حسن اظہر رضوی کے نام شامل ہیں تاہم جسٹس ریٹائرڈ احمد علی ایم شیخ سینئر ہونے کے باوجود سپریم کورٹ نہ جانے سکے۔ اس حوالے سے الجہاد ٹرسٹ کیس بھی قابل ذکر رہا جس میں سنیارٹی لسٹ پر بحث چلتی رہی جبکہ سپریم کورٹ کے بعض ججز کی رائے یہ تھی کہ سنیارٹی کے ساتھ ساتھ قابلیت بھی لازمی ہے تاہم جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے اگست 2021 میں جسٹس ریٹائرڈ احمد علی ایم شیخ کو ایڈہاک جج کے طور پر سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری دی گئی تھی، لیکن انہوں نے بطور ایڈہاک جج حلف اٹھانے سے انکار کر دیا تھا۔ جسٹس ریٹائرڈ احمد علی ایم شیخ کے خلاف سپریم کورٹ میں اس وقت بھی ایک آئینی درخواست زیر التواء ہے جس میں درخواست گزار غلام سرور قریشی نے الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے دوران چیف جسٹس ماتحت عدلیہ سمیت ہائیکورٹ میں تعیناتیوں میں عمر کی حد اور ڈومیسائل میں غیر معمولی رعایت دیتے ہوئے من پسند اور اقرباء پروری کا مظاہرہ کیا جس پر سپریم کورٹ نے نومبر 2021 میں رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ سے تمام تعیناتیوں کا مکمل ریکارڈ طلب کیا اور اس پٹیشن پر سپریم کورٹ تین سے چار سماعت بھی ہو چکی ہیں۔ جسٹس سعادت خان جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی منظوری تک قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے پر فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔
اہم خبریں سے مزید