لاہور ( آن لائن ) سابق وزیر داخلہ و مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے ن لیگ کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق ڈیل کے حوالے سے میڈیا میں زیر گردش خبروں کو تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نہ کسی ڈیل تحت بیرون ملک گئے اور نہ ہی کسی ڈیل کے تحت واپس آرہے ہیں .
نواز شریف ضمانت لیکر پاکستان آئیں گے اور عدالت میں سرنڈر کریں گے، نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کیلئے قانونی ٹیم نے تیاری مکمل کرلی ہے ۔
9 مئی واقعات کے ملزمان کے حوالے سے قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا،کوئی جیل میں ہے تو اپنی حرکتوں کی وجہ سے ہے، 2018 کا تجربہ نہ کیا جاتا تو 2022 ء تک سی پیک مکمل ہوتا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کے لیے قانونی ٹیم نے تیاری مکمل کرلی ہے، سابق وزیراعظم بے گناہ ہے اور یقین ہے کہ انہیں ریلیف ملے گا۔ہم نے کسی پر مقدمہ نہیں بنایا، کوئی جیل میں ہے تو اپنی حرکتوں کی وجہ سے ہے، 9 مئی کو سازش کے تحت پاکستان کے دفاع پر حملہ کیا گیا۔
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ اگر یہ لوگ 9 مئی کو کامیاب ہو جاتے تو تباہ کْن اثرات ہوتے، معاشی طور پر اس وقت ہم تباہی کے دہانے پر کھڑے ہیں۔.
قائد نواز شریف ضمانت لیکر پاکستان آئیں گے اور عدالت میں سرنڈر کریں گے۔ پوری قوم ان کی آمد کا انتظار کر رہی ہے۔ بعض لوگوں نے منفی باتیں کرنے کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے، جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آیا نوازشریف نے مشکل سے نکالا۔