ملتان (سٹاف رپورٹر)3 ارب روپے زائد کی لاگت سے کارڈیالوجی ہسپتال توسیعی بلاک کی تکمیل کا سنگ میل عبور کرلیا گیا۔کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نےبتایا کہ33 کمرے او پی ڈی فنکشنل کرکے کارڈیالوجی ہسپتال انتظامیہ کے سپرد کی جاچکی ہے۔208 بیڈز کے وارڈز سمیت پورا توسیعی بلاک مکمل تعمیر کیا جاچکا ہے۔3 بیسمنٹ،گراؤنڈ فلور، 3 فلوز پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر سے 208 بیڈز کا اضافہ ہوا ہے۔ کارڈیالوجی ہسپتال میں 20 کروڑ کی لاگت سے 4 منزلہ سرائے تعمیر کیا جارہا ہے۔ 250 بیڈز پر مشتمل سرائے کا پی سی ون حکومت پنجاب نے منظور کرلیا ہے۔کمشنرکے کارڈیالوجی ہسپتال کے دورہ پرڈپٹی کمشنر رضوان قدیر ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے،ایکسئن بلڈنگ حیدر علی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 19 اکتوبر کو سرائے کے ٹینڈرز اوپن کئے جائیں گے۔کمشنر ملتان عامر خٹک نے نشتر ہسپتال2 کی تعمیراتی سائٹ کا دورہ کیا اور کام کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی تعمیر کی مقررہ ڈیڈ لائن تک تکمیل کیلئے افرادی قوت میں اضافہ ناگزیر ہے۔،منصوبوں کی تکمیل میں کوالٹی پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔