اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار ) وفاقی دارالحکومت میں مختلف واقعات میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ تھانہ بہارہ کہو کے علاقے میں کرین حادثے میں تین افراد کی جان چلی گئی جبکہ چوتھا شدید زخمی ہو گیا ۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق پلازہ کی تعمیر میں مصروف کرین کی لفٹ گرنے سے چار مزدورنیچے دب گئے جن میں سے تین موقع پر زندگی کی بازی ہار گئے جن میں قیصر عباس،ثمر شاہ اور وارث شامل ہیں جبکہ ثمر اقبال شدید زخمی ہو گیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔تھانہ ہمک کے علاقے میں سکیورٹی گارڈ کو نامعلوم افراد نے قتل کر دیا۔ پولیس کو شعیب نے مقدمہ درج کروایاکہ اس کا بھائی جمشید خان وئیر ہاؤس میں سکیورٹی گارڈ ہے جس کو نامعلوم نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔