• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس نے پان گلی میں اپنی دکانوں کے کرائے بڑھا دیئے

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)راولپنڈی پولیس نے اپنی دکانوں کے کرائے میں کئی گنا اضافہ کردیا، فی دکان کرایہ 18ہزارروپے سے بڑھاکر 50ہزارروپے ماہانہ کردیاگیا۔تھانہ سٹی کی عمارت سے متصل شہرکے کاروباری علاقہ پان گلی میں راولپنڈی پولیس کی ملکیتی 32دکانیں ہیں۔مذکورہ دکانیں 1985میں بنائی گئی تھیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ لیاقت روڈ کی توسیع کے دوران متاثرہ دکا نداروں کواس وقت کے ڈی آئی جی راولپنڈی افضل شگری نے تھانہ سٹی کی دیوارکے ساتھ کھوکھے بنانے کی اجازت دی تھی اور مذکورہ کھوکھے کاکرایہ اس وقت دوسے تین سوروپے راولپنڈی پولیس وصول کرتی تھی۔ بعدمیں وقت گزرنے کے ساتھ کھوکھے پختہ دکانوں میں تبدیل ہوگئے اور ان کاکرایہ بڑھتے بڑھتے 18ہزارسے 22ہزارتک پہنچ گیا۔اب گزشتہ روزمذکورہ دکان داروں کی یونین اور ایس پی ہیڈکوارٹرزکے درمیان ہونے والی گفت وشنیدکے بعدفی دکان کرایہ 50ہزارروپے کردیاگیا۔بعض دکانداروں نے جنگ کوبتایاکہ پولیس ان سے فی دکان کرائے کی مدمیں ایک لاکھ روپے ڈیمانڈ کررہی تھی لیکن باہمی رضامندی سے 50 ہزارروپے ماہانہ کرایہ طے ہوا۔ادھر واقفان حال کاکہناہے کہ یہاں دیگر نجی دکانوں کے کرائے اس سے کہیں زیادہ ہیں ،پان گلی کی 31اور کشمیری بازارمیں واقع راولپنڈی پولیس کی 32دکانوں کاکرایہ راولپنڈی پولیس کے ویلفئیرفنڈ میں جمع ہوتاہے۔
اسلام آباد سے مزید