اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار ) اسلام آباد کیپٹل پولیس نے 9ماہ کے دوران 546جرائم پیشہ گروہوں کی بیخ کنی کی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہے۔ رواں سال راہزنی اور ڈکیتی کے واقعات میں گزشتہ سال کی نسبت 11فیصد کمی ہوئی،رواں سال جرائم میں ملوث 1,355 مجرموں کو گرفتار کیا گیا،جو گزشتہ سال کی نسبت 20فیصد زیادہ ہے۔ روا ں سال 26کروڑ روپے سے زائد کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا،جو سال2022کی نسبت 65فیصد زیادہ ہے،جبکہ رواں سال کل 18 ہزار 320 ایف آئی آرز کا اندراج ہوا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 فیصد زائد ہے،ہائی سکیورٹی زون میں واقع اہم سرکاری املاک ،سفارت خانوں اور دیگر تنصیبات کی مؤ ثر سکیورٹی کویقینی بنانے کے لئے مزید1,605سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے جو گزشتہ سال کی نسبت 35فیصد زائد ہے،رواں سال مختلف مقدمات میں موثر تفتیش کی بدولت ملزمان کو عدالتوں سے سزا کی شرح گزشتہ سال کی نسبت 18فیصد زائد ہے،رواں سال وفاقی دارلحکومت میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے خلاف جاری آپریشن میں 451غیر ملکیوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف 65مقدمات کا اندراج کیا گیا۔