کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ کا کنبھ میلہ جمعرات سے گنگا جمنا دیس میں سج رہا ہے۔ احمد آباد کا نریندر مودی اسٹیڈیم میں افتتاحی میچ گذشتہ آئی سی سی ورلڈ کپ کی فائنلسٹ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ ایکشن میں ہوں گی ۔ میچ میں دفاعی چیمپئن کے اسٹار بین اسٹوکس کی شرکت مشکوک ہے۔ بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر ٹرافی گراؤنڈ میں لیکر آئیں گے اور ورلڈکپ شروع ہونے کا اعلان کرینگے۔ دس ٹیمیں چھ ہفتوں کے دوران دس بھارتی شہروں میں ایکشن میں ہوں گی۔ پہلامیچ ریکارڈ سوا لاکھ تماشائی دیکھیں گے۔ ہرٹیم9،9گروپ میچ کھیلے گی ۔سیمی فائنل15اور16نومبر کو ممبئی اور کول کتہ جبکہ فائنل 19 نومبر کو احمد آباد میں ہوگا۔ اس بار پاکستان کوبھی فیورٹ ٹیموں میں شامل کیا جارہا ہے ۔ آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ کی ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو40 لاکھ جبکہ رنر اَپ ٹیم کو20لاکھ ڈالر زملیں گے۔میگا ایونٹ کے باقاعدہ آغاز سے قبل شریک ٹیموں کے کپتانوں کی ملاقات کا اہتمام کیا گیا۔حیدآباد میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم شرکت کیلئے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے احمد آباد پہنچے۔ بابر کا ایئرپورٹ اور ہوٹل میں پرتپاک استقبال کیا گیا،عملے نے انکے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ بابر اعظم ہوٹل میں بھارتی ہم منصب روہت شرما سے بھی گرمجوشی سے ملے ۔ بابر اعظم کا یہ دوسرا ورلڈکپ ہے۔2019 کے ورلڈکپ میں ان کی نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری کو ورلڈکپ کی چند شاندار اننگز میں شمار کیا گیا تھا۔ ماہرین انہیں اس ورلڈکپ میں مزید دو سے تین سنچریاں بناتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی کی خطرناک بولنگ کے باعث ماہرین یہ پیشگوئی کررہے ہیں کہ وہ ورلڈ کپ میں حریف ٹیموں کو پریشان کرسکتے ہیں۔1975سے 2019 یعنی 44 سال کے دوران12بار ورلڈ کپ مقابلوں کا انعقاد ہوا اور6ٹیموں نے ٹرافی کو اپنے نام کیا جن میں آسٹریلیا (5 بار)، ویسٹ انڈیز (2 بار)، بھارت (2 بار)، پاکستان (ایک بار)، سری لنکا (ایک بار) اور انگلینڈ (ایک بار) شامل ہیں۔1987کو پہلی بار یہ ٹورنامنٹ انگلینڈ سے باہر برصغیر یعنی پاکستان اور بھارت میں منعقد ہوا تھا۔