• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ ورلڈکپ: پاکستانی فینز شاک سے بچ گئے، نیدرلینڈز کیخلاف فتح

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کرکٹ ورلڈکپ میں جمعے کو پاکستان نے اپنے فینز کو شاک سے بچا لیا، پاکستان نے ابتدائی ہچکولوں کے بعد نیدرلینڈز کو 81 رنز سے ہراکر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ ٹاپ آرڈر بیٹنگ کے بکھرنے کے بعد سعود شکیل اور محمد رضوان نےففٹیاں بنائیں۔ 

حارث رؤف کی تین اور حسن علی کی دو وکٹوں نے ناکام ٹیم کی امیدیں خاک میں ملادیں۔ جمعہ کو نیدر لینڈ نے ٹاس جیت کربولنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے 286 رنز بنائے،ناکام ٹیم 41 اوورز میں 205 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سعود شکیل مین آف دی میچ قرار پائے ۔ گرین شرٹس کی اننگز 38 پر تین وکٹ گنواکر ابتداہی سے مشکلات میں رہی۔ 

آؤٹ آف فارم فخر زمان 15 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 12 ، کپتان بابر اعظم 5 اور امام الحق 15 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔ محمد رضوان اور سعود شکیل 120 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستان کو مستحکم پوزیشن پر لے آئے۔ 

دونوں بیٹر 68، 68 رنز بناکر پویلین لوٹے ۔ جبکہ افتخار احمد 9 رنز بناسکے، ساتویں وکٹ پر محمد نواز اور شاداب خان نے 64 رنز جوڑے، شاداب خان 32 اور محمد نواز نے 39 کی اننگز کھیلی ، حسن علی کوئی رن نہ بناسکے۔ حارث رؤف نے 16 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی 13 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیدرلینڈز کے باس ڈی لیڈے نے 4، کولن ایکرمن نے 2، وین بیک، پال وین می کرین اور آریان دت نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔ 

جواب میں پاکستانی بولرز نے اسکور کا کامیابی سے دفاع کیا اور حریف ٹیم کو 205پر فارغ کردیا۔ وکرم جیت اور باس ڈے لیڈے کی ففٹیاں بھی کام نہ آسکیں۔ میکس او ڈاؤڈ 5، کولن ایکرمن 17، وکرم جیت سنگھ 52، باس ڈی لیڈے 67 ،تیجا ندامانورو 5 ، کپتان اسکاٹ ایڈورڈز صفر، ثاقب ذوالفقار 10، وان ڈر مروے چار، لوگان وان بیک 28، آریان دت ایک اور پال وان مکرین نو رنز بناسکے۔ حارث رؤف نے 3 اور حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ ، افتخار احمد، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہفتے کو افغانستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے اور جنوبی افریقا کا سری لنکا سے ہوگا۔ 

اہم خبریں سے مزید