کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایشین گیمز مینز کرکٹ کا فائنل بارش کے باعث منسوخ ہوگیا جس کے بعد بھارتی ٹیم کو فاتح قرار دیدیا گیا۔بھارت نے 19 ویں ایشین گیمز کے کرکٹ ٹورنامنٹ میں گولڈ میڈل جیت لیا، فائنل مقابلہ بھارت اور افغانستان کے درمیان تھا۔18.2اوور میں افغانستان نے 5 وکٹ کے نقصان پر 112 رن بنائے تھے جس کے بعد بارش شروع ہو گئی۔بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع نہیں ہو سکا اور ٹورنامنٹ میں بہترین رینک کے باعث بھارت نے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم نے 19 ویں ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلوں کے تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے ہرادیا اور کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ پاکستان کی اننگز کے دوران ہونے والی بارش کے سبب یہ میچ پانچ اوورز تک محدود ہوکر رہ گیا۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے پانچ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 48 رنز بنائے۔بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت نظرثانی شدہ ہدف کے تحت جیتنے کے لیے 65رنز بنانے تھے جو اس نے آخری اوور کی آخری گیند پر4 وکٹوں کے نقصان پر بنالیے۔