لاہور(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ شیر کو ہرانے والے نکالنے والے کئی آئے اور چلے گئے شیر وہیں کھڑا ہے ، نوازشریف کے بغیر ملک رل گیا، وہ اسے پھر ٹھیک کرکے دکھائے گا، وہ باہر سے امپورٹ ہو کر نہیں آیا ، اسے فارن فنڈنگ کے ذریعے لانچ نہیں کیا گیا ،اگر سازش کے ذریعے نواز شریف کو اقتدار سے نہ نکالا جاتا ، اقامہ جیسے مذاق پر نہ نکالا جاتا تو ملک کا آج یہ حال نہ ہوتا، بجلی مہنگی نہ ہوتی،آپ کا ساتھ رہا تو ملکر اس ملک کی تقدیر بدل دینگے،یہ ہیلتھ کارڈ بنانے کادعویٰ کرنے والوں نے عوام سے ان کی سستی اورمفت دوائیاں بھی چھین لیں، نوازشریف دور میں چینی 50 روپے کلو ،آٹا 35 روپے کلو رہا، ڈالر کو 105روپے تک محدود رکھا،لوڈ شیڈنگ بھی ختم ہوئی،نواز شریف نے عوام کی خاطر اقتدار کے دن کم اور مشکلات کے زیادہ دیکھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں کے سلسلہ میں ٹھوکر نیاز بیگ میں منعقدہ بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہی آج آٹھ اکتوبر ہے یا 21 اکتوبر ہے ،اگر آٹھ اکتوبر کو ایک حلقے کا یہ عالم ہے تو 21 اکتوبر کو کیا ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ اس ملک کے اچھے دن واپس آ رہے ہیں، آپ کا ساتھ رہا تو نواز شریف کے ساتھ مل کر اس ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2017ء میں نواز شریف کو نہ نکالا جاتا تو آج پاکستان کا یہ حال نہ ہوتا، نواز شریف کے دور میں چینی 50روپے کلو اور آٹا 35 روپے کلو رہا،ڈالر کو 99 روپے سے 105روپے تک محدود رکھا۔لوڈ شیڈنگ بھی نواز شریف کے دور میں ہی ختم ہوئی۔مریم نواز نے کہا کہ چار سال ایسے جوکروں کی حکومت تھی، جس میں زیادہ گالی دینے والوں کو وزارتیں ملتی تھیں، کل ہم پر برا وقت تھا، انہوں نے دن رات گالم گلوچ کی، ہم پر الزام لگائے، ہم ایسا نہیں کرینگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آج کوئی ایسا طبقہ نہیں جسکے گھر میں مشکلات نہیں، نواز شریف کو اقتدار سے نہیں بلکہ آپ کی زندگیوں سے خوشیوں کو نکالا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ قوم نواز شریف کا راستہ اس لیے دیکھ رہی ہے کیونکہ وہ ہمیشہ ملک کو ٹھیک کرکے دکھاتا ہے، ن لیگی قائد اس دھرتی کا بیٹا ہے، اسے کسی نے فارن فنڈنگ کے ذریعے لانچ نہیں کیا، یہ ملک، دھرتی، مٹی ہماری ہے، ہم نے ہی اسے ٹھیک کرنا ہے اور ٹھیک کرکے دکھائیں گے، میرا اور نواز شریف کا جینا مرنا آپ کے ساتھ ہے۔مریم نواز نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ جس کا ٹھیکیدار آج کوئی اور بنا ہے وہ پروگرام نواز شریف نے بنایا تھا، جو ہیلتھ کارڈر بنانے کا دعویٰ کرتے ہیں انہوں نے غریب سے مفت دوائیاں چھین لیں۔ مریم نواز نے کہا کہ ملک کو مشکلات سے نکال کر نواز شریف نے کسی سے شاباش نہیں لینی ،میڈل نہیں لینا اس نے عوام کی خاطر کرنا ہے کیونکہ وہ اس دھرتی کا بیٹا ہے،وہ باہر سے امپورٹ ہو کر نہیں آیا۔21اکتوبر کو لاہور اور پاکستان نواز شریف کا وہ استقبال کرے گا کہ دنیا دیکھتی رہ جائے گی۔