اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاہے کہ دو ریاستی فارمولے کا مطلب اسرائیل کو الگ ریاست تسلیم کرنا بالکل نہیں‘ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان انتخابات سے پہلے رہاہوں گے یا نہیں اس کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے ہم نے نہیں‘آرمی چیف جنرل عاصم منیر سویلین بالادستی پر یقین رکھتے ہیں‘گزشتہ روز ایک انٹرویو میں انوارالحق کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطین تنازع کا حل دو ریاستی فارمولا ہے جس کا مطالبہ خودفلسطینی کرتے ہیں ۔اس کے بعد ہی مشرق وسطیٰ میں استحکام نظر آسکتاہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو چاہئے کہ وہ پاکستانی کرکٹ شائقین کو ویزے دے ‘اگر ایساایونٹ پاکستان میں ہوتا تو بھارتی شائقین کو ضرور ویزے دیتے ۔انوار الحق نے کہاکہ مجھے نگراں وزیراعظم بنائے جانے کی اطلاع سابق وزیراعظم نے دی ۔