راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے) 38.3 کلومیٹر لمبے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں بانٹھ، چک بیلی خان، اڈیالہ روڈ، چکری روڈ اور ٹھلیاں کے مقام پر پانچ انٹر چینجز کے ساتھ ساتھ ایک ریلوے پل بھی بنایا جائے گا۔5 اوورپاسز بنائے جائیں گے جبکہ 21 سب وے ہوں گے۔اس بات کا اظہار رنگ روڈ منصوبہ کے دورہ کے موقع پرکمشنرکوخصالحہ خورد کے مقام پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا گیا۔کمشنر نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران مختلف شفٹوں میں موقع موجود رہیں گے۔ ایک سال میں منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔ انڈسٹریل زون راولپنڈی رنگ روڈ کے گردنواح میں قائم کیا جائے گا۔انڈسٹریل زون کے قیام سے علاقائی سطح پر معاشی ترقی اورروزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور مضافات میں رہنے والے لوگوں کے لیے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ گیم چینجر ثابت ہو گا۔