کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی مشہور پریزنٹر زینب عباس خاموشی سے ورلڈ کپ میں اپنا اسائمنٹ مکمل کئے بغیر حفاظتی اقدام کی بناء پر بھارت چھوڑ دیا ہے اوردبئی پہنچ گئیں۔ آئی سی سی نے زینب عباس کے بھارت چھوڑنے کی تصدیق کر دی لیکن ڈی پورٹ کرنے کی خبروں کو غلط قرار دیا ہے۔ زینب عباس کے خلاف بھارتی وکیل نے سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کیا تھا۔ بھارتی وکیل نے سوشل میڈیا پر تبصروں کو زینب عباس سے منسوب کر کے ان کا تبصرہ قرار دیا تھا۔ زینب عباس کے حوالے سے بھارت میں اس وقت تنازع شروع ہوا جب بھارتی سپریم کورٹ کے وکیل ونیت جندال نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے زینب عباس پر ہندو مذہب اور بھارت کے خلاف سوشل میڈیا پر پیغامات لکھنے کا الزام عائد کیا تھا۔