کراچی(نیوز ڈیسک)بھارتی ریاست اتر پردیش کےانتہا پسند وزیراعلٰی یوگی ادیتہ ناتھ نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی ہے۔
انہوں نے اپنے مذموم خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر شری رام کی جنم بھومی پانچ سو برس بعد واپس لی جا سکتی ہے تو کوئی وجہ نہیں کہ بھارت ’سندھو‘یعنی پاکستان کے صوبہ سندھ کو واپس نہ لے سکے۔
خیال رہے کہ یوگی ادیتہ پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف انتہا پسندخیالا ت کے حوالے سے معروف ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یوگی ادیتہ ناتھ نے اتوار کو دو روزہ قومی سندھی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایودھیا میں پانچ سو برس بعد شری رام کا ایک بڑا مندر بن رہا ہے۔
جنوری میں بھارتی وزیراعظم رام للا کو دوبارہ اپنے مندر میں بٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر رام کی جنم بھومی پانچ سو برس بعد واپس لی جا سکتی ہے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم سندھو کو واپس نہ لے سکیں۔
بیان کے مطابق اتر پردیش کے وزیراعلٰی کے اس خطاب کے بعد آڈیٹوریم تالیوں کی آواز سے گونج اٹھا۔
یوگی ادیتہ ناتھ نے کہا کہ سندھی برادری کو اپنی موجودہ نسل کو اپنی تاریخ کے بارے میں بتانے کی ضرورت ہے۔